31.5 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومقومی خبریںبین الاقوامی برادری بھارت کی بلا اشتعال کارروائیوں کی مذمت کرے، وزیرخزانہ...

بین الاقوامی برادری بھارت کی بلا اشتعال کارروائیوں کی مذمت کرے، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا اور سیکرٹری مالیات سے ملاقاتیں

- Advertisement -

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اپنی علاقائی خودمختاری کا بھرپور دفاع کرے گا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا،بین الاقوامی برادری ہندوستان کی بلا اشتعال کارروائیوں کی مذمت کرے۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار برطانیہ کے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا ہیمش فالکنر اوربرطانیہ کے سیکرٹری مالیات لارڈ لیورمور سے ملاقاتوں میں کہی۔ وزیر خزانہ نے ہمیش فالکنر کو گزشتہ شب ہندوستان کی جانب سے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں شہری آبادی پر بلااشتعال حملوں سے آگاہ کیا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 26 معصوم شہری شہیداور 46 شہری زخمی ہوئے۔

- Advertisement -

وزیر خزانہ نے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی علاقائی خودمختاری کا بھرپور دفاع کرے گا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔ وزیر خزانہ نے برطانوی وزیرکو یاد دہانی کروائی کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کے لیے ہندوستان کو متعدد بار پیشکش کی، جس میں برطانیہ کے تعاون سے ثالثی کی پیشکش بھی شامل تھی تاہم ہندوستان نے پاکستان کی ان مخلصانہ پیشکشوں کو مسترد کر کے پاکستان کے خلاف بلاجواز جارحیت کی۔ وزیر خزانہ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان کی ان بلا اشتعال کارروائیوں کی مذمت کرے۔

انہوں نے جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔برطانیہ کے وزیر ہیمش فالکنر نے بھارتی حملوں میں ہونے والے شہری جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کو بات چیت اور باہمی روابط کے ذریعے کم کیا جا سکتا ہے۔ وزیر خزانہ نے برطانیہ کے سیکرٹری مالیات،ریونیو اینڈ کسٹمز گروتھ ر لارڈ لیورمور سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل، وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد اور پاکستان ہائی کمیشن لندن کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سینیٹر اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان کا اقتصادی اصلاحات کا جامع ایجنڈا جو برآمدات پر مبنی ترقی اور معیشت کی وسعت پر مبنی ہے، اب نتائج دینا شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت معیشت میں استحکام آیا ہے۔ معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں ، سال 2025ء میں حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.0 فیصد جبکہ 2026ء میں 4.0 فیصد متوقع ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر تاریخی سطح 0.3 فیصد پر آ گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائزیشن جاری ہے جس سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور محصولات میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025 کے جولائی تا مارچ کے دوران ٹیکس وصولی کی شرح 25.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اسی عرصے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے جو کہ 1.6 ارب امریکی ڈالر رہی اور پالیسی ریٹ کم ہو کر 11 فیصد ہو گیا ہے۔ لارڈ لیورمور نے پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ بھی پنشن، مہارتوں اور تجارت کے شعبوں میں اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔وزیر خزانہ نے برطانیہ کی وزارت خزانہ خاص طور پر فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کی مالی اور تکنیکی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط بڑھانے کے لیے پاکستان پرعزم ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594061

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں