29.6 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومکھیل کی خبریںپی ایس ایل ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد...

پی ایس ایل ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی

- Advertisement -

راولپنڈی ۔7مئی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی۔ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رائیلی روسو اور حسن نواز کی شاندار سنچریوں کی بدولت 263 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ رائیلی روسو نے 104 اور حسن نواز نے 100 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ عماد وسیم نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عامر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بدھ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے چھبیسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رائیلی روسو اور حسن نواز کی شاندار سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے۔ یہ پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ رائیلی روسو نے صرف 46 گیندوں پر 104 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ حسن نواز نے بھی روسو کا بھرپور ساتھ دیا اور 45 گیندوں پر ناقابلِ شکست 100 رنز بنائے جس میں 9 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ کپتان سعود شکیل نے 18 گیندوں پر 23 رنز بنائے جبکہ اوپنر فن ایلن صرف 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ مارک چیپمین نے 8 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز کوئٹہ کی بیٹنگ کے سامنے بے بس دکھائی دیئے۔ نہ ہی کوئی باؤلر وکٹیں نکال سکا اور نہ ہی رنز پر قابو پا سکا۔ عماد وسیم اور نسیم شاہ نے بالترتیب 42 اور 55 رنز دے کر ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

- Advertisement -

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی۔ محمد عامر نے پہلے ہی اوور میں کائل میئرز اور صاحبزادہ فرحان کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ صرف 2 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد اسلام آباد کی ٹیم میچ میں واپس نہ آسکی۔ عماد وسیم نے سب سے زیادہ 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں بین ڈورشیوس 31 اور محمد شہزاد 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان سلمان علی آغا 6 ، محمد نواز 10، اعظم خان 6 ، حیدر علی 6 اور جیسن ہولڈر 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد عامر نے تباہ کن بائولنگ کی اور 6 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد وسیم اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594227

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں