29.6 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومقومی خبریںپاک افواج کا بھارت کودندان شکن جواب، تاریخ رقم کردی، میاں زاہد...

پاک افواج کا بھارت کودندان شکن جواب، تاریخ رقم کردی، میاں زاہد حسین

- Advertisement -

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین اور پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم کے صدرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے بروقت اورموثرکاروائی کرتے ہوئے بھارت کودھول چٹا دی ہے، قوم متحد اور دشمن کے ناپاک عزائم کوناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے، دنیا میں پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے۔ میاں زاہد حسین نےجمعرات کو کاروباری برادری سے گفتگو کے دوران کہا کہ سپہ سالار کی غیرمعمولی قیادت اورجامع حکمت عملی نے نہ صرف میدان میں فتح دلائی بلکہ قوم کے حوصلے بھی بلند کیے جبکہ بھارت کوعالمی سطح پرسبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

رات کی تاریکی میں دشمن کی جانب سے کیے گئے بزدلانہ حملے کا بھرپورجواب دیا گیا ،بھارت کے پانچ جنگی طیارے اور ڈرونز وغیرہ تباہ کرکے دشمن کی فضائی برتری کی قلعی کھول دی گئی ہے۔ لائن آف کنٹرول پر دشمن کی کئی اہم عسکری تنصیبات کوبھی نشانہ بنایا گیا جس کے بعد بھارتی افواج نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے سفید جھنڈا لہردیا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستانی عوام اورمسلح افواج نے اتحاد اورعزم کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا پر یہ واضح کردیا کہ وطن عزیزکی خودمختاری پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔اقوام متحدہ اوردیگرعالمی اداروں میں پاکستان کے نمائندوں نے بھارتی جارحیت کوعالمی امن کے لیے خطرہ قرار دے کربھرپورسفارتی مہم کا آغازکیا ہے۔

- Advertisement -

میاں زاہد حسین نے کہا کہ کشیدگی کے باوجود پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے خطے میں امن کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔ وزیرخارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن کسی بھی جارحیت کا جواب دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ مارکھانے کے بعد بھارت بھی محتاط لب ولہجے اختیا رکرنے پر مجبورہوگیا ہے جس میں کشیدگی کم کرنے اورسفارتی راستہ اپنانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین، ترکیہ، سعودی عرب اوراوآئی سی نے بھی دونوں ممالک پرزوردیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اورفوری مذاکرات کا آغاز کریں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مساجد پرحملے، معصوم شہریوں کی شہادت، خواتین اور بچوں کونشانہ بنایا گیا جوبھارت کی تنگ نظری اورشدت پسندانہ سوچ کا عکاس ہے جس کی عالمی سطح پرمذمت کی جانی چاہیے۔

انہوں نے اس تصادم کوخطے کی معیشت کے لیے خطرناک قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی قیادتیں ٹھنڈے معاملات حل کریں اورعالمی قوتیں بھی پائیدارامن کے لئے اپنا کردارادا کریں۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ جھڑپوں میں پاکستان نے عسکری برتری ثابت کر دی ہے تاہم بھارت ایک ناقابل اعتباراورمکارملک ہے جو کسی بھی وقت جنوبی ایشیا کودوبارہ تصادم کی طرف دھکیل سکتا ہے اگربروقت اقدامات نہ کیے گئے تو خدانخواستہ کشیدگی وسیع تربحران میں بدل سکتی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594314

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں