اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):جماعت اسلامی آزاد کشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ جماعت اسلامی آزاد کشمیرگلگت بلتستان کے ایک لاکھ رضاکار ہندوستان کی جارحیت کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے لئے پاک فوج اور حکومت کے شانہ بشانہ ہیں،دنیا نے مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے کردار ادا نہ کیاتو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایٹمی جنگ ہو سکتی ہے جس سے کروڑوں انسان موت کے منہ میں چلے جائیں گے،ایٹمی جنگ سے نہ صرف جنوبی ایشا متاثر ہو گا بلکہ پوری دنیا متاثر ہو گی ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے مرکزی اورضلعی قیادت کے ہنگامی اجلاس میں شریک شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مرکزی نائب امراء نورالباری،ڈاکٹر عبدالرحمان،زاہد رفیق ایڈووکیٹ،صغیر قمر،سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان،ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمران عزیز،ڈپٹی سیکرٹری جنرل جمیل راٹھور،ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ارشد بخاری ایڈووکیٹ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل انعام الحق مسعودی،مرکزی سیکرٹری اطلاعات راجہ ذاکرخان سمیت دیگرقائدین شریک ہوئے ۔امراء اضلاع عطالرحمان چوہان،واحد اقبال عباسی بھی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ دیگر امراء اضلا ع آن لائن شریک ہوئے ۔اجلاس میں موجودہ تشویشناک صورتحال کے حوالے سے مرکزی سطح پر نائب امیر نورالباری کو فوکل پرسن مقرر کیاگیاہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ ہندوستان نے جارحیت کر کے 25کروڑ مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو للکارا ہے،مودی یہ بھول گیا کہ اس نے 25کروڑ مسلمانوں کے ایٹمی ملک کو چیلنج کیاہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور اس کے سارے ادارے اور لاکھو ں کارکنان تیار ہیں،ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کریں گے اور کشمیر کو آزاد کرائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594446