اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے 20 سے زائد نو تعینات اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرز نے جمعرات کو سکی کناری ہائیڈرو پاور سٹیشن کا دورہ کیا۔
یہ دورہ واپڈا منگلا کے ہائیڈرو پاور ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام جاری خصوصی تربیتی پروگرام کا اہم حصہ تھا۔ انجینئرز کے ہمراہ ان کے انسٹرکٹرز بھی موجود تھے۔چائنہ انرجی انجینئرنگ کوآپریشن پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفد کا خیرمقدم ایس کے ہائیڈرو پرائیویٹ لمیٹڈ کی ٹیم نے کیا جو 884 میگاواٹ کے سکی کناری منصوبے کی کلائنٹ کمپنی ہے۔
اس دورے کے دوران وفد کو پروجیکٹ کی جدید ٹیکنالوجی، ہائیڈولوجی، تعمیراتی مراحل اور آپریشنل سسٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پروجیکٹ کمپنی کے ماہرین نے انجینئرز کو جدید تعمیراتی طریقہ کار، ذہین مینجمنٹ سسٹمز اور چین و پاکستان کی انجینئرنگ ٹیموں کے مابین مؤثر ہم آہنگی سے روشناس کروایا۔ اس کے علاوہ کمپنی کے کارپوریٹ سوشل اینڈ انوائرمینٹل رسپانسیبلیٹی (CSER) اقدامات پر بھی ایک خصوصی پریزنٹیشن دی گئی جس میں مقامی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی توازن کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔
شرکاء نے SK ہائیڈرو کی مہمان نوازی اور پیش کردہ معلومات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے نہ صرف ان کی تکنیکی مہارتوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ انہیں سی پیک کے تحت جاری توانائی منصوبوں کی اہمیت اور ملکی ترقی میں ان کے کردار کو بھی بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔سکی کناری ہائیڈرو پاور سٹیشن، جو چائنا انرجی اوورسیز انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے تحت فنڈ، تعمیر اور آپریٹ کیا جا رہا ہے، 14 ستمبر 2024 سے تجارتی طور پر فعال ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ہے بلکہ مقامی و قومی سطح پر پائیدار ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594447