پاکستان کا موقف دوٹوک ہے، ہم نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کو نشانہ نہیں بنایا، نہ سرحد پار کوئی حملہ کیا، نہ ہماری فضائیہ کو کوئی نقصان پہنچا، بھارتی میڈیا اپنی ناکامی چھپانے کیلئے جھوٹی کامیابی کی کہانیاں گھڑ رہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

126
Federal Minister of Information
Federal Minister of Information

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کا موقف دوٹوک ہے، ہم نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کسی مقام کو نشانہ نہیں بنایا، نہ ہی سرحد پار ابھی تک کوئی حملہ کیا اور نہ پاکستان کی فضائیہ کو کوئی نقصان پہنچا ہے۔

جمعرات کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کا خمیازہ اسے خود بھگتنا پڑا اور اب اپنی ناکامی چھپانے کے لئے بھارتی میڈیا جھوٹی کامیابی کی کہانیاں گھڑ رہا ہے۔ پاکستان نے اب تک صرف اپنے دفاع میں اقدامات کیے ہیں۔