اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے آج مالی سال 2025-26 کے لیے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام( پی ایس ڈی پی) میں ترجیحی منصوبوں کے تعین کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ منصوبہ بندی کمیشن کے اراکین اور وزارت کے اعلی افسران نے وفاقی وزیر کو مختلف شعبوں میں ترجیحی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ یہ اجلاس پاکستان کی ترقی اور معاشی نمو کے ایجنڈے کو کسی صورت متاثر نہ ہونے دینے اور دوگنی کوششوں کے ساتھ معاشی تبدیلی کے لیے کام جاری رکھنے کے حکومت پاکستان کے عزم کا واضح اظہار ہے۔
اجلاس میں معاشی چیلنجز کے باوجود ’’اڑان پاکستان‘‘اور فائیو ای نیشنل اکنامک ٹرانسفارمیشن فریم ورک کے تحت اہم ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ چیلنجز کے باوجود، ہماری قومی ترقی کے لیے عزم کامل ہے،ہم اپنے عوام کی بہتری اور ملک کی ترقی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور معاشی استحکام کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ ہم امن کے حامی ہیں لیکن واضح رہے کہ پاکستان ایک مضبوط دفاع رکھتا ہے،ہم ہندوستان کو ہماری معیشت کوغیر مستحکم کرنے اور ترقیاتی ایجنڈے پر کام کرنے میں رکاوٹ بننے نہیں دیں گے،جب عزم ہو تو کوئی چیلنج بڑا نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اور آنے والاپی ایس ڈی پی ’’اڑان پاکستان‘‘کے وژن کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے اورفائیو ایز برآمدات و بااختیاری، ای پاکستان، ماحول و موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور انفراسٹرکچر کے تحت پیداواری صلاحیت کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترجیحی منصوبوں کا انتخاب کرتے وقت ہم اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ قومی اہمیت کے حامل منصوبے، جو تکمیل کے قریب ہیں یا جن کے لیے بلاک فنڈنگ مختص کی گئی ہے، انہیں مناسب مالی وسائل فراہم کیے جائیں۔
وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے اختتام پر کہا کہ حالات چیلنجنگ ہیں لیکن حکومت پاکستان کے عوام کی بہبود کے لیے ہر شعبے پر توجہ مرکوز رکھنے کے لئے پرعزم ہیں،ہم وسائل کی بہترین تقسیم کے ذریعے اڑان پاکستان کے وژن اور وفاقی حکومت کی ترجیحات کے مطابق ترقیاتی اہداف حاصل کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595360