خرم شہزاد
اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):پاکستان کی مسلح افواج کے آپریشن "بنیان مرصوص” کی علامتی تصویر نے چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ تصویر میں چار فوجی جوانوں کو وطنِ عزیز کا پرچم تھامے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ پس منظر میں پاکستان کا دفاعی میزائل "فتح ون” فضا میں بلند ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ تصویر پر عربی عبارت "بُنْیَانٌ مَرْصُوصٌ” (یعنی سیسہ پلائی ہوئی دیوار) بھی درج ہے، جو قوم کے اتحاد اور دفاعی طاقت کی مظہر ہے۔
یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لاکھوں پاکستانیوں نے اسے اپنی فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور واٹس ایپ پر بطور ڈسپلے فوٹو (ڈی پی) استعمال کیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے اسے نہ صرف ایک تصویری اظہار سمجھا بلکہ قومی جذبے، اتحاد اور فوج سے وابستگی کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔پاکستانی شہریوں نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مسلح افواج کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ یہ تصویر اُن کے دل کی آواز ہے اور وہ وطنِ عزیز کے دفاع میں ہر وقت اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
سوشل میڈیا پر مختلف ہیش ٹیگز جیسے #بنیان_مرصوص، #فتح_ون، #پاک_افواج_زندہ_باد، اور #ہم_سب_فوج_ہیں ٹرینڈ کرنے لگے۔ماہرین کے مطابق ایسی قومی ہم آہنگی اور عوامی سپورٹ عسکری و دفاعی اداروں کے حوصلے مزید بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ تصویر ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کے درمیان ایک ناقابلِ شکست رشتہ موجود ہے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595513