اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزارتِ صحت کے تحت ہسپتالوں کی سہولیات بہتر بنائی جا رہی ہیں تاکہ مستحق افراد کو فائدہ پہنچے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت سید عمران احمد شاہ سے ملاقات کے دوران کیا ۔
دونوں وزارتوں کے درمیان فلاحی مقاصد کے لئے تعاون پر اتفاق اور غریب مریضوں کی مدد کے لئے ڈیٹا شیئرنگ کا نظام متعارف کرانے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان بیت المال کو معذور افراد کے لئے وہیل چیئرز خریدنے کی ہدایت دے دی ہے، یہ معذور افراد کے لئے ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت تخفیف غربت کے تمام ادارے قومی فریم ورک کے تحت لانے کا ارادہ کیا ہے،پاکستان بیت المال کے سہولت ڈیسک کو پمز اور دیگر سرکاری ہسپتالوں میں مزید مؤثر بنایا جائے گا ۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دونوں وزراء نے مشترکہ ورکنگ پیپر تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس اشتراک سے نچلے طبقے کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596533