اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے شہداء اور ان کے اہلخانہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف عظیم فتح شہیدوں کے خون سے ملی ہے، ہم نے دشمن کوپانچوں محاذوں پرشکست دی،بھارت اب کسی بھی ایڈونچرسے پہلے ہزاربار سوچے گا۔ وہ منگل کو معرکہ حق کے شہداء کی قبروں پر حاضری اور دعا کے بعد شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ بات چیت کررہے تھے۔
وفاقی وزیر ماہنی سیال اور کوٹ مولچند بھی گئے۔ وہ شہداء کے اہلخانہ سے ملے اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان کی شکرگزار ہے ،شہداء نے ایک عظیم مقصدکیلئے اپنی جانوں کا نذزانہ پیش کیا ، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں نے اپنی قرباینوں سے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ، پوری قوم شہداء، ان کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب کی قربانیوں کی مقروض ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت،حکومت اور عوام اپنے شہداء کو دل و جان سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔وفاقی وزیر رضا حیات ہراج نے بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے سپاہی محمد عدیل اور شہری عبدالمالک کی قبروں پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔انہوں نے شہداء کی قبروں پر پھول رکھے ۔رضا حیات ہراج نے شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا کی ۔
انھوں نے کہا کہ پاک افواج کے بھرپور جوابی حملوں نے دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا ،ہمارے جوانوں نے بہادری کے جوہر دکھائے جنہیں پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ کو پھوڑ دیا جائے گا ،افواج پاکستان اور پوری قوم ملکی دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،حکومت شہداءکے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے، شہداء کے خاندانوں کی مکمل دیکھ بھال اور ہرممکن مدد کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596539