ریاض۔15مئی (اے پی پی):سعودی عرب کے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول نے سالانہ ’ویمن اِن سینما گالا‘ کے لیے سات خواتین کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق اس تقریب میں ان خواتین فلم سازوں، تخلیق کاروں، اداکاروں اور ایگزیکٹیوز کی کامیابیوں کو سراہا جاتا ہے جنہوں نے تفریحی صنعت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
رواں برس کے اعزاز یافتہ شخصیات میں دنیا بھر سے مختلف شعبوں کی باصلاحیت خواتین شامل ہیں۔ان میں زمبیا اور ویلز سے تعلق رکھنے والی مصنفہ و ہدایتکارہ رنگانو نیونی ہیں جن کی فلم ’آئی ایم ناٹ اے وِچ‘ کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔جیکولین فرنینڈس بالی وڈ کی کئی کامیاب فلموں میں کام کر چکی ہیں۔مصری اداکارہ امینہ خلیل جن کی اداکاری نے جدید مصری سنیما کو ایک نیا رخ دیا ہے۔ الہام علی سعودی اداکارہ ہیں جو مقامی ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کرتی ہیں۔
تھائی لینڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ انگفا وارہا جو جنوب مشرقی ایشیا میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ شامی فلمساز گایا جیجی جن کی فلموں میں شامی شہریوں کی زندگی کی پیچیدگیاں جھلکتی ہیں۔سارہ طیبہ سعودی فلمساز اور آرٹسٹ ہیں۔ وہ ثقافت اور شناخت کے باہمی تعلق کو اپنے فن کے ذریعے پیش کرتی ہیں۔دا ویمن ان سینما گالا جو 2022 میں قائم ہوئی تھی، ہر سال ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی جانب سے کانز میں منعقد کی جاتی ہے۔
یہ تقریب ڈو کیپ ہوٹل میں ہوتی ہے اور اس کا مقصد ان خواتین کو اجاگر کرنا ہے جو عرب دنیا، ایشیا اور افریقہ میں اپنے کیریئر میں اہم کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔گزشتہ برس کے اعزازی اداکاراؤں میں مصری اداکارہ و ماڈل سلمیٰ ابو ضیف، انڈین ادکارہ کیارا اڈوانی، تھائی اداکارہ، ماڈل اور گلوکارہ ساروچا چانکمھا، سعودی ادکارہ اضوی فہد، سعودی گلوکارہ اور اداکارہ اسیل عمران اور فرانسیسی سینیگالی ہدایت کارہ راماتا تولائے سی شامل ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597207