وزیر اعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، الیکٹرک وہیکلز ٹیکنالوجی اور موٹر سائیکل ریٹروفٹنگ پر غور کیا گیا

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت کامسیٹس کے وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزارت صنعت و پیداوار کے سیکرٹری سیف انجم، کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نفیس زکریا اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او خدا بخش علی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز (ای وی) ٹیکنالوجی اور موٹر سائیکل ریٹروفٹنگ کو فروغ دینے …

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت کامسیٹس کے وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزارت صنعت و پیداوار کے سیکرٹری سیف انجم، کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نفیس زکریا اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او خدا بخش علی بھی موجود تھے۔

اجلاس میں پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز (ای وی) ٹیکنالوجی اور موٹر سائیکل ریٹروفٹنگ کو فروغ دینے پر غور کیا گیا۔ ہارون اختر نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز ملک کے لیے معاشی اور ماحولیاتی فوائد کا باعث بنیں گی۔ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت 28.7 ملین موٹر سائیکل پٹرول پر چل رہے ہیں جن پر سالانہ اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔

الیکٹرک موبیلٹی کی طرف منتقلی نہ صرف ایندھن کے اخراجات کم کرے گی بلکہ وزیر اعظم کے وژن اڑان پاکستان کے تحت ماحول دوست ٹیکنالوجی کو بھی فروغ دے گی۔نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی کو پاکستان کی معیشت اور ماحولیات کے لیے ایک اہم محرک قرار دیا گیا۔ حکومت مقامی صنعتکاروں کو الیکٹرک وہیکلز کی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے کر ملکی پیداوار کو فروغ دینے اور درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ہارون اختر نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز اور لیتھیئم بیٹریز مستقبل کی ٹیکنالوجی ہیں اور پاکستان کو ان جدتوں کو اپنانا ہوگا تاکہ عالمی مقابلے میں آگے رہ سکے۔وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار مقامی صنعتکاروں کو ای وی ٹیکنالوجی اپنانے کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔ اس اقدام سے ایندھن کی درآمدات میں خاطر خواہ کمی اور طویل المدتی معاشی فوائد متوقع ہیں ، خاص طور پر کامسیٹس کے اعداد و شمار کے مطابق جہاں پٹرول پر چلنے والی موٹر سائیکل کا فی کلومیٹر خرچ 6.9 روپے ہے، وہیں الیکٹرک بائیک کا فی کلومیٹر خرچ صرف 0.7 روپے ہے جو الیکٹرک موبیلٹی کی معاشی افادیت کو ظاہر کرتا ہے۔

وزارت صنعت و پیداوار نے صاف توانائی اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے حل کو فروغ دینے کے اپنے عزم کو دہرایا تاکہ پاکستان کو ماحول دوست اور معاشی طور پر مضبوط ملک بنایا جا سکے۔

مزید خبریں