کوئٹہ۔ 16 مئی (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جب بھی پاکستانی قوم کو للکارا گیا تو پاکستان کے افواج نے ثابت کردیا کہ وہ دشمن کے دانت کسی بھی جگہ کسی بھی وقت کھٹے کر سکتے ہیں خطے میں امن پاکستان کی خواہش ہے لیکن وطن کی طرف دیکھنے والی میلی آنکھ کو نکال باہر کرینگے
ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس کوئٹہ میں یوم تشکر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء ،مشیر وپارلیمانی سیکرٹریز میرشعیب نوشیروانی ،میرعاصم کردگیلو،راحیلہ حمید خان درانی ،بخت محمدکاکڑ ،نسیم الرحمن ملاخیل ،حاجی ولی محمد نورزئی ،رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ ،اپوزیشن لیڈر میریونس عزیززہری ،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات حافظ عبدالباسط ،آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری بابر خان ،صوبائی سیکرٹریز ،اسپیشل سیکرٹریز،ایڈیشنل سیکرٹریز سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔
وزیر اعلیٰ میرسرفرازبگٹی نے کہا کہ پاکستان کی خواہش رہی ہے کہ خطہ پرامن رہے لیکن یہ بھی خواہش ہے کہ کوئی آنکھ پاکستان کی طرف اٹھے تو وہ آنکھ نکال دیں ،دہشت گردانہ واقعہ کے 5 منٹ بعد الزام پاکستان پر لگایا گیا حالانکہ پاکستان نے عالمی سطح پر تحقیقات کیلئے خود کو پیش کیا ۔انہوں نے کہاکہ جب بھی پاکستانی قوم کو للکارا گیا تو پاکستان کے افواج نے ثابت کردیا کہ وہ دشمن کے دانت کسی بھی جگہ کسی بھی وقت کھٹے کر سکتے ہیں ۔
افواج پاکستان کے سپہ سالار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں پاکستان کے لوگ رہتی تاریخ تک آرمی چیف کے اقدام کو یاد رکھیں گے۔ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں اور اس کے ساتھ دشمنوں کو پیغام بھیجتے ہیں کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور پرامن رہنا چاہتے ہیں لیکن اگر کوئی ہمیں آزمانا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598005