وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی سابق صدر مہندا راجہ پاکسے کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں اظہار خیال، علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت کی

اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مضبوط تر شراکت داری خطے میں وسیع تر تعاون کے فروغ، علاقائی پلیٹ فارموں کے استحکام، دہشت گردی اور غربت سمیت خطے کو درپیش چیلنجوں سے موثر طور پر نبرد آزما ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے میں بالادستی کے کسی خود ساختہ تاثر کو زائل کرنے …

اسلام آباد ۔ 22 جون (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مضبوط تر شراکت داری خطے میں وسیع تر تعاون کے فروغ، علاقائی پلیٹ فارموں کے استحکام، دہشت گردی اور غربت سمیت خطے کو درپیش چیلنجوں سے موثر طور پر نبرد آزما ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے میں بالادستی کے کسی خود ساختہ تاثر کو زائل کرنے کے لئے کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ بات سری لنکا کے سابق صدر مہندا راجہ پاکسے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو ان سے پنجاب ہاﺅس میں ملاقات کی۔ سری لنکا کے وفد میں سابق وزیر خارجہ گیمنی لکشمن، سابق وزیر دلاس دہام کمارا الاہپی روما، سابق وزیر ویمن ویرا وانشا، لوکو بندارا اودت سنجایا اور یو شیتھا گنیشا راجہ پاکسے شامل تھے۔ وزیر داخلہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر مہندا راجہ پاکسے پاکستان کے حقیقی دوست کی حیثیت سے پاکستانی عوام میں معروف ہیں جنہوں نے اپنی مدت کے دوران نہ صرف پاک سری لنکا تعلقات کو مضبوط کیا بلکہ ان روابط کو باہمی تعاون کے ہر ممکنہ شعبوں میں متنوع بنانے میں بھی معاونت کی۔ انہوں نے پاک سری لنکا اقتصادی، سیاسی، سماجی، ثقافتی اور دفاعی تعاون میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تعلقات خلوص، دوستی، باہمی احترام، افہام و تفہیم اور ہمارے عوام کے مفاد میں باہمی تعاون سے عبارت چھ دہائیوں پر محیط ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کو یکساں نوعیت کے کئی چیلنج درپیش ہیں اور ہماری سٹریٹجک دوستی نہ صرف خطے میں بالادستی کے عزائم کی روک تھام بلکہ درپیش یکساں نوعیت کے چیلنجوں اور مسائل سے نمٹنے کے لئے بھی اہم ہے۔

Leave a Reply