34.8 C
Islamabad
پیر, مئی 19, 2025
ہومقومی خبریںتہران میں او آئی سی-15 وزارتی اجلاس کا آغاز ، مصنوعی ذہانت...

تہران میں او آئی سی-15 وزارتی اجلاس کا آغاز ، مصنوعی ذہانت کے ذریعے سائنسی تعاون اور ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور

- Advertisement -

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تحت قائم کردہ او آئی سی-15 ڈائیلاگ پلیٹ فارم کی دوسری وزارتی کانفرنس تہران میں شروع ہوگئی، جس میں اسلامی دنیا میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں کو مصنوعی ذہانت (آئی اے )کے ذریعے فروغ دینے پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے گی۔میڈیا کوآرڈینیٹر کامسٹیک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ’’مصنوعی ذہانت کے ذریعے سائنس و ٹیکنالوجی میں جدت: امتیاز کی حکمتِ عملی، اسلامی دنیا کا روشن مستقبل‘‘ کے عنوان سے تین روزہ اجلاس کا مقصد مسلم ممالک کو درپیش سائنسی و ترقیاتی چیلنجز کا مشترکہ حل تلاش کرنا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

کانفرنس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے سائنس، اعلیٰ سطحی نمائندے اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شرکت کررہے ہیں، اجلاس کے دوران اسلامی دنیا کے لیے مصنوعی ذہانت سے متعلق پہلا کثیرالملکی معاہدہ منظور کیے جانے کی توقع ہے، جو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ پالیسی سازی کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔وزارتی اجلاس سے قبل سینئر آفیشلز میٹنگ (سوم) منعقد ہوئی، جس کی مشترکہ صدارت او آئی سی-

- Advertisement -

کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور ایران کے نائب وزیر سائنس پروفیسر فرہاد یزدان دوست نے کی۔ اجلاس میں برونائی دارالسلام، پاکستان، انڈونیشیا، سعودی عرب، ترکیہ، ملائیشیا، قازقستان، ایران اور او آئی سی سیکرٹریٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کی قیادت میں او آئی سی-کامسٹیک کا اعلیٰ سطحی وفد اجلاس میں شرکت کر رہا ہے جس کا اجلاس منعقد کروانے میں بھی کلیدی کردار ہے –

واضح رہے کہ او آئی سی -15 پلیٹ فارم کے سیکرٹریٹ کی ذمہ داری کامسٹیک کو سونپی گئی ہے، جو او آئ سی کے رکن ممالک میں سائنسی اشتراک اور ترقی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا۔اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان دو طرفہ ملاقاتیں بھی منعقد ہوں گی جبکہ ایک خصوصی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں سائنسی، تحقیقی و تکنیکی میدان میں اسلامی ممالک کی کامیابیاں اور اختراعات پیش کی جائیں گی۔

تین روزہ اجلاس میں الماتی (قازقستان) میں ہونے والے پہلے وزارتی اجلاس کے فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ اجلاس کی تاریخ اور مقام کا تعین بھی کیا جائے گا۔او آئی سی-15 ڈائیلاگ پلیٹ فارم کا آغاز 2016 میں قازقستان کی تجویز پر ہوا، جسے بعد ازاں او آئی سی وزرائے خارجہ کی کانفرنسوں میں باقاعدہ منظوری دی گئی۔ اس پلیٹ فارم کے تحت ایران، ترکیہ، پاکستان، انڈونیشیا، ملائشیاء، نائجریا اور قازقستان جیسے اسلامی ممالک کو سائنسی ترقی، اختراع، موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور پائیدار ترقی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی پر متفق کیا جاتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598398

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں