29.4 C
Islamabad
منگل, مئی 20, 2025
ہومقومی خبریںسپریم کورٹ آئینی بنچ میں ججز ٹرانسفر و سنیارٹی کیس کی سماعت...

سپریم کورٹ آئینی بنچ میں ججز ٹرانسفر و سنیارٹی کیس کی سماعت منگل 20مئی تک ملتوی

- Advertisement -

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):سپریم کورٹ آئینی بنچ نے ججز ٹرانسفر و سنیارٹی کیس کی سماعت منگل 20مئی تک ملتوی کر دی ۔سپریم کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ ججز ٹرانسفر و سنیارٹی کیس کی سماعت کی۔بنچ کے دیگر ممبران میں جسٹس نعیم اختر افغان ، جسٹس شاہد بلال حسن ، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس شکیل احمد شامل تھے۔ دوران سماعت لاہور ہائیکورٹ بار کے وکیل حامد خان نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ججز ٹرانسفر کی سمریوں پر ایک ہی روز میں پراسس مکمل کیا گیا۔

جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کیا آئین و قانون میں ایک روز میں پراسیس مکمل کرنے پر کوئی پابندی ہے؟ وکیل حامد خان نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ میں قائمقام چیف جسٹس نے رضامندی دی، چیف جسٹس پاکستان سے سب سے آخر میں منظوری لی گئی۔ یکم فروری کو تیار ہونے والی سمری میں پہلی مرتبہ حلف برداری اور سنیارٹی کا ذکر کیا گیا۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ ساری بات ایک ہی جج پر ہو رہی ہے، باقی ججز نے کسی کی سنیارٹی متاثر نہیں کی تو کوئی بات نہیں کر رہا۔ حامد خان نے موقف اپنایا کہ کل اپنی تحریری گزارشات بھی جمع کروا دوں گا۔ عدالت نے کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔

- Advertisement -

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598831

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں