اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے علاقے خضدار میں ہونے والے المناک دہشت گردانہ حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے جس میں چار معصوم بچوں سمیت چھ افراد کی جانیں گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہماری دعائیں اور دل و جذبات متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک چین دوستی کی 74 سالہ جشن کی تقریب میں کیا جس میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، سفارتی کور کے ارکان، اعلیٰ حکام اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ سپیکر سردار ایاز صادق کے کہنے پر سانحہ خضدار کے مرحومین کے لئے اظہار تعزیت کے طور پر تمام شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے خطاب میں کہا کہ غم اور یکجہتی کے ایسے لمحات ہی دونوں قوموں کے درمیان عزم اور رشتوں کو مضبوط کرتے ہیں۔
سپیکر نے بلوچستان کے علاقے خضدار میں دہشت گردوں کے المناک حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جس میں چار معصوم بچوں سمیت چھ افراد کی جانیں گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہماری دعائیں اور جذبات متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کے لمحات میں بھی پائیدار دوستی کو طاقت ملتی ہے ، ہم ایک ایسے رشتے کا جشن منا رہے ہیں جو وقت کی آزمائشوں کا مقابلہ کرتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ 74 سالوں میں مزید مضبوط ہوا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کی شراکت داری کو "پہاڑوں سے بلند، سمندروں سے گہرا اور شہد سے میٹھا” قرار دیا اور کہا کہ یہی الفاظ صدر شی جن پنگ نے 2015 میں پاکستان کی پارلیمنٹ سے اپنے تاریخی خطاب کے دوران بیان کئے تھے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی تزویراتی گہرائی کو اجاگر کرتے ہوئے چین کی اقتصادی ترقی
تکنیکی جدت اور دفاعی جدت میں نمایاں کامیابیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ اس سفر میں شراکت دار ہونے پر پاکستان کو فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں قومیں باہمی ترقی، یکجہتی اور غیر متزلزل اعتماد کی راہ پر ہاتھ سے ہاتھ ملا کر چل رہی ہیں۔ انہوں نے دفاعی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اسے سٹرٹیجک طاقت کا ایک اہم ستون قرار دیا۔ سپیکر نے پاکستان کے دفاعی ہتھیاروں میں جدید چینی فوجی ٹیکنالوجیز کی شمولیت کی تعریف کی جس میں JF-17 تھنڈر اور J-10C لڑاکا طیاروں کے ساتھ ساتھ PL-15 طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل سسٹم بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "یہ جدید ٹیکنالوجی نہ صرف ہماری ڈیٹرنس کی صلاحیتوں کو بڑھا رہی ہیں بلکہ یہ ہماری شراکت کی مضبوطی اور بھروسے کا ثبوت بھی ہیں۔ سپیکر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے ذریعے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا
جس کا مقصد زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، اور موسمیاتی تغیرات جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانا ہے۔ سردار ایاز صادق نے چینی وزیر اعظم کے آئندہ دورہ پاکستان کے بارے میں امید کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید ادارہ جاتی بنانے کا موقع قرار دیا اور کہا کہ ہمارا رشتہ بھائی چارے اور اعتماد کی زندہ کہانی ہے ۔ چینی سفیر نے بھی معصوم بچوں کی جانوں کے المناک نقصان پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے زندگی کے تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599943