29.9 C
Islamabad
جمعہ, مئی 23, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںچین کا امریکا کے جدید میزائل دفاعی نظام گولڈن ڈوم منصوبے پر...

چین کا امریکا کے جدید میزائل دفاعی نظام گولڈن ڈوم منصوبے پر تحفظات کا اظہار ، عالمی استحکام کے لئے خطرہ قرار

- Advertisement -

بیجنگ۔22مئی (اے پی پی):چین نے امریکا کے مجوزہ جدید میزائل دفاعی نظام ’’گولڈن ڈوم‘‘ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ العربیہ کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا فوری طور پر اس منصوبے کو ترک کرے، اس منصوبے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ابتدائی طور پر 25 ارب ڈالر مختص کئے گئے ہیں جو عالمی توازن اور سٹریٹجک استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے گا۔

انہوں نے اس پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی میزائل دفاعی نظام کی تیاری اور تعیناتی سے باز آجائے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اپنے خطاب کے دوران جدید میزائل دفاعی نظام ’’گولڈن ڈوم‘‘ منصوبے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سسٹم امریکا کو بیرونی حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے اور ان کی دوسری مدت صدارت کے اختتام تک یہ نظام کام شروع کر دے گا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ منصوبے کی کل لاگت تقریباً 175 ارب ڈالر ہو گی اور یہ مکمل طور پر امریکا میں تیار کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد طویل فاصلے سے داغے گئے میزائل حملوں کو روکنا اور بیلیسٹک میزائلوں سے امریکی فضاؤں کا دفاع ہے۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ گولڈن ڈوم خلا سے بھی داغے گئے حملوں کو روکنے کی صلاحیت رکھے گا ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600106

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں