لاہور۔23مئی (اے پی پی):سیکرٹری جنرل رویتِ ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ منگل 27 مئی کی شام ہلال کی رویت ممکن نہیں،پاکستان میں یکم ذوالحجہ جمعرات 29 مئی کو جبکہ عیدالاضحی ہفتہ 7 جون کو ہو گی۔
جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ نیا چاند منگل 27 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 2 منٹ پر پیدا ہو گا۔ 29 ذوالقعد یعنی منگل 27 مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو رویت ہلال کے لئے 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے، وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 12 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی۔دوسری جانب چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ جو کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے وہ پاکستان بھر میں 6 ڈگری ہو گا۔
تیسری جانب غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے وہ اگرچہ کراچی میں 35 منٹ ، جیوانی میں 37 منٹ ، لاہور میں 39 منٹ ، کوئٹہ میں 40 منٹ ، پشاور ، اسلام آباد ، مظفر آباد اور چارسدہ میں 42 منٹ جبکہ گلگت میں 44 منٹ ہو گا لیکن چاند کی عمر کم اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ بھی چونکہ کم ہو گا۔خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ پاکستان کے کسی بھی علاقے میں مطلع انتہائی صاف ہونے کے باوجود منگل 27 مئی 2025 کی شام ہلال کی رویت ننگی آنکھ تو درکنار، ٹیلی سکوپ سے بھی ممکن نہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600541