اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):آئیسکو ریجن خصوصاً اسلام آباد راولپنڈی اور اٹک میں طوفانی ہوائوں، ژالہ باری سے 11 کے وی متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹریپنگ سے متعلقہ فیڈرز پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق مختلف مقامات پر شدید طوفان کی وجہ سے بجلی کی تاریں اور کھمبے،درختوں اور سائن بورڈز کے گرنے سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو کے آپریشن اور کنسٹرکشن فارمیشنز متحرک ہیں اور متاثرہ فیڈرز پر بجلی کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو آئیسکو محمد نعیم جان مرکزی کنٹرول روم سے بجلی بحالی کاروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان آئیسکو نے کہا ہے کہ صارفین بجلی کی تاروں کھمبوں ٹرانسفارمرز، میٹرز اور دیگر تنصیبات سے مناسب فاصلہ رکھیں ۔کمپلینٹ دفاتر نمبرز، ہلپ لائن نمبر 118 بھی شکایات کے اندراج کے لئے مکمل متحرک ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600931