کوئٹہ۔ 26 مئی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان ائیرفورس نے اپنے دشمن کی طاقت کا گھمنڈ خاک میں ملادیا،میدان جنگ میں شکست کے بعد ہماردا دشمن بچوں کونشانہ بنا رہاہے ،پاکستان پیپلزپارٹی تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،سیاست بعد میں بھی کرسکتے ہیں لیکن اب دشمن کامقابلہ کرناہے ،افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں عسکریت پسند نیٹو والا اسلحہ استعمال کررہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی، میر چنگیز جمالی ،حیات خان اچکزئی ودیگر بھی موجود تھے ۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کوئٹہ آنے کا مقصد خضدار کے افسوس ناک واقعے میں زخمی بچوں کی عیادت کرنی تھی۔ یہ انتہائی تشویشناک واقعہ ہے اس سے قبل ایک افسوس ناک سانحہ اے پی ایس پشاور رونما ہوا تھا یہ بزدلانہ اقدام ہے، جنگوں میں خواتین، بچوں و عبادت گاہوں پر حملے نہیں ہوتے لیکن ہمارے بزدل دشمن فوج کا مقابلہ کرنے کی بجائے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہمارے دشمن کو اپنی طاقت پر بڑا گھمنڈ تھا لیکن پاکستان ائیر فورس نے ان کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ صوبائی حکومت دہشتگردوں کا مردانگی سے مقابلہ کررہی ہے ،میرے صوبے میں حکومت میں شامل لوگ ایک دوسرے پر کرپشن کا الزام لگا رہے ہیں
انہوں نے کہاکہ پچھلے دنوں وزیر اعظم کو خط لکھا تھا اسلام آباد نئے ائیرپورٹ کو بے نظیر کے نام پر رکھا جائے۔ اس سلسلے میں سندھ میں قرارداد پاس ہوئی ہے ،بلوچستان اسمبلی نے بھی قرارداد پاس کردی ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ہو یا خضدار اے پی ایس خیبر پختونخوا کی عوام بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میری دعا ہے کہ بلوچستان و خیبر پختونخوا میں امن ہو۔ خیبر پختونخوا حکومت آج تک اپنا کوئی گرائونڈ نہیں بنا سکی۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ بزدل دشمنوں سے کہیں گے کہ خواتین اوربچوں کو نشانہ نہ بنائیں۔ بلاول بھٹو زرداری ملکی و صوبائی سطح کی سیاست سے آگاہ ہیں ۔ ہمیں دشمن کا مقابلہ کرنا ہے سیاست بعد میں بھی کر سکتے ہیں۔
بدقسمتی سے افغانستان میں نیٹو افواج کا اسلحہ اب عسکریت پسند استعمال کررہے ہیں افغانستان کی سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے ،افغان سرزمین سے ہندوستان اور اسرائیل پراکسیز جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مستقبل تعلیم سے وابستہ ہے یونیورسٹیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔ مشکلات کے حوالے سے وفاق سے بات کریں گے۔ وزیر اعلی بلوچستان پی ایس ڈی پی کمیٹی کے ممبر ہیں وہ بہتر مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت کو سپورٹ کررہی ہے البتہ کابینہ کا حصہ نہیں ہے بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر لڑ رہے ہیں سیاست ہمارا اندرونی مسئلہ ہے لیکن دشمنوں کے خلاف ہم نے ایک ہوناہے ۔