نمائندہ۔ 29 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نوید احمد نےوزیراعلیٰ پنجاب ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت گوجرانوالہ میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال گوندلانوالہ کا دورہ کیا، ہسپتال کے مختلف شعبوں، وارڈز کا معائنہ کیا، ہسپتال میں ڈاکٹرز وطبی عملہ کی ڈیوٹی روسٹر کے مطابق حاضری، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔ دورہ کے دوران ایم ایس ڈاکٹر نیر عمران نے انہیں طبی سہولیات کی دستیابی بارے بریفنگ دی۔
ڈاکٹرز و ہسپتال کے انتظامی افسران کو تلقین کی کہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کو بہترین سروسز فراہم کی جائیں، مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، کسی بھی مریض کے ساتھ بدسلوکی اور علاج سے انکار ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت کی سہولیات کی بہتری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں ہے، پیرامیڈیکل سٹاف اور سکیورٹی گارڈز سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکش لیا جائے اورایسے عناصر کو نوکری سے فارغ کیا جائے جو مریضوں کا استحصال کرنے میں ملوث پائے جائیں۔