پی پی 52 سیالکوٹ ضمنی انتخاب، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کی ہدایات جاری

98

لاہور۔29مئی (اے پی پی):پی پی 52 سیالکوٹ میں یکم جون کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے سخت ہدایات جاری کر دیں۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی جانب سے پنجاب حکومت کو خط ارسال کیا گیا،جس میں انتخابی حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں کہ مذکورہ حلقے میں پنجاب حکومت کی جانب سے کسی بھی ترقیاتی سکیم کا اجرا نہیں کیا جائیگا۔ ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق حلقہ پی پی 52 میں ضمنی انتخاب کے انعقاد تک صوبائی حکومت کسی بھی ترقیاتی کام کا اعلان اور تشہیر نہیں کرے گی۔

اس ضمن میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی جانب سے صوبائی حکومت کو الیکشن کمیشن کی وا ضح اور سخت ہدایات بذریعہ خط جاری کر دی گئی ہیں۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور اس نوعیت کے تمام بینرز کو فوری اتار نے کے احکامات جاری کئے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور مانیٹرنگ ٹیموں نے حلقے سے ایسے تمام بینرز کو فوری طور پر ہٹا دیا۔علاوہ ازیں صوبائی الیکشن کمشنر نے متعلقہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور مانیٹرنگ ٹیموں کو ہدایات جاری کیں کہ ضمنی انتخاب کے انعقاد کے ان آخری دنوں میں چوکس و چوکنا رہیں اور امیدواران کی انتخابی مہم کو مانیٹر کریں۔ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔