اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):چین کی معروف کمپنی بیجنگ سی این این سی سن شائن الیکٹرک ٹیکنالوجی پاکستان کے وفد نے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہاں ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں توانائی کے موجودہ مسائل اور صوبے کے عوام کے لئے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کمپنی کے چینی نمائندگان جیانگ ویجن ، لویانگ ، لیو جیہانگ اور ڈائریکٹر انجنیئر فضل ربی جان شامل تھے۔ وفد نے گورنر کو اپنی کمپنی کی ٹیکنالوجی اور توانائی کے منصوبوں اور اس میں سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا ۔ملاقات میں خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں میں بجلی ، ٹرانسفارمرز اور اس سے متعلقہ آلات کی فراہمی اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کو توانائی کے شعبے میں ترقی کی شدید ضرورت ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا تعاون صوبے کی معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اہم ہے۔