نواب شہید غوث بخش رئیسانی ہسپتال میں عوام کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ناگزیر ہے،وزیرصحت بخت محمد کاکڑ

77

کوئٹہ۔ 30 مئی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی زیرصدارت نواب شہید غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت کے علاؤہ محکمے کے سینئر افسران، ہسپتال کی انتظامیہ اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں ہسپتال کی موجودہ صورتحال، عملے کی کمی، دستیاب سہولیات، مالی امور اور مریضوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ہسپتال کی کارکردگی میں موجود خامیوں کی نشاندہی کی گئی اور مختلف پہلوؤں پر پیش رفت کے لیے ٹھوس اقدامات تجویز کیے گئے۔

وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے واضح طور پر کہا کہ ہسپتال میں عوام کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ناگزیر ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں ماہر ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی فوری تعیناتی، بنیادی طبی سہولیات کی بہتری اور آلات کی فراہمی سے متعلق فیصلے کیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ بورڈ نے مالیاتی شفافیت، صفائی ستھرائی اور مریضوں کے حقوق سے متعلق اقدامات پر بھی زور دیا۔وزیر صحت نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور ہسپتال کی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔