لاہور۔30مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے قصور فیروز پور روڈ کی گرین بیلٹ کی بحالی کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قصور سے رپورٹ طلب کر لی،جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ لاہور قصور فیروز پور روڈ کی گرین بیلٹ کی دیکھ بھال نہیں کی جا رہی،گرین بیلٹ خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے جبکہ ماحول کو صاف رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے
عدالت لاہور قصور فیروزپور روڈ کی گرین بیلٹ بحال کرنے کا حکم دے،دوران سماعت ممبر جوڈیشل واٹر کمیشن حنا جیلانی اور کمال حیدر نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی اور بتایا کہ قصور کی گرین بیلٹ ختم ہو چکی ہے وہاں پر کسی سرکاری محکمے کی ذمہ داری عائد کرنا ہوگی،قصور میں مونسپل کمیٹی نے عملے کی کمی کا لکھا تھا،عدالت نے ڈپٹی کمشنر قصور سے آئندہ ہفتے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کردی۔