پنجاب کابینہ نے چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری دے دی

73

لاہور۔3جون (اے پی پی):پنجاب کابینہ نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے تیار کردہ "چائلڈ پروٹیکشن پالیسی” کی منظوری دے دی ، جسے بچوں کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے اس اہم اقدام پر وزیراعلی پنجاب اور پنجاب کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی کی منظوری بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کی قیادت میں حکومت پنجاب بچوں کے حقوق کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہے

وزیراعلی کے لیے بچوں کے حقوق کا تحفظ ہمیشہ اولین ترجیح رہا ہے۔چیئرپرسن نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اس پالیسی کے تحت کیس مینجمنٹ سسٹم پر ایک سال قبل ہی کام کا آغاز کر چکا ہے جبکہ دو سال قبل یہ پالیسی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے ارسال کی گئی تھی۔ اس پالیسی کی تیاری میں یونیسیف پاکستان کی تکنیکی معاونت بھی شامل رہی۔سارہ احمد نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے باضابطہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی منظور کی گئی ہے۔ یہ پالیسی صوبے میں بچوں کے ساتھ بدسلوکی، زیادتی، تشدد اور استحصال کی روک تھام کے لیے ایک جامع روڈ میپ فراہم کرتی ہے۔