عید الاضحیٰ پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر

80

سیالکوٹ۔5جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے، سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی کے 4500 ملازمین عید الاضحیٰ پر خصوصی ڈیوٹی انجام دیں گے جبکہ 1139 ہیلپ لائن 24 گھنٹے ایکٹو رہے گی۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں 25 عارضی کلیکشن پوائنٹ قائم کئے جائیں گے۔

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے پاس 1100 گاڑیاں ہیں جبکہ 600 اضافی گاڑیاں کرائے پر حاصل کی جائیں گی اور ڈور ٹو ڈور ویسٹ کی کلیکشن کی جائے گی۔ ساڑھے 4 لاکھ ویسٹ بیگ شہریوں میں تقسیم کئے جائیں گے ، شہری ویسٹ بیگ میں آلائشیں ڈال کر عملہ کے سپرد کریں ۔انہوں نے کہا کہ سری پائے جلانے پر مکمل پابندی ہوگی، دفعہ 144 کا نفاذہوگا ، عید کے ایام میں ایس ڈبلیو ایم سی کے ملازمین اور مقامی حکام ڈیوٹی پر موجود رہیں گے، ان کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں۔چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر آپریشن کی نگرانی کریں گے۔شہریوں کی شکایات روزانہ کی بنیاد پر نمٹائی جائیں گی۔