راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں بیوی کو ذبح کرنے والے سفاک قاتل کو پولیس نے گرفتار کرلیا

34
راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں بیوی کو ذبح کرنے والے سفاک قاتل کو پولیس نے گرفتار کرلیا

راولپنڈی۔6جون (اے پی پی):راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود ڈھوک غلام علی میں بیوی کو تیز دھار چھری سے ذبح کرنے والے سفاک قاتل کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ مقتولہ 25 سالہ خاتون زردانہ اپنے خاوند سے ناچاقی کے باعث والدین کے پاس رہ رہی تھی۔پولیس کے مطابق چند روز قبل گھر کے بڑوں نے میاں بیوی میں ناراضگی ختم کرائی جس کے بعد مقتولہ کا خاوند بھی ان کے پاس رہ رہا تھا۔

4 جون 2025ء کی رات گئے سفاک قاتل نے سبزی کاٹنے والی تیز دھار چھری سے اپنی بیوی کا گلہ کاٹا اور اسے ابدی نیند سلا دیا۔ واردات کے وقت مقتولہ کی دو سالہ بیٹی بھی وہیں موجود تھی جو چیختی چلاتی رہی لیکن گھر کے دیگر افراد کو خبر نہ ہوسکی۔ ملزم آلہ قتل سمیت کمرے سے نکلا اور پیدل چند فرلانگ کے فاصلے پر موجود ہوٹل کے باتھ روم میں گیا جہاں نہا دھو کر اور کپڑے بدل کر فرار ہوگیا۔

بعدازاں بچی کے رونے کی آواز پر مقتولہ کے گھر والے نیند سے بیدار ہوئے اور موقع پر جاکر دیکھا تو ان کی بیٹی زردانہ خون میں لت پت پڑی تھی ۔واقعہ کی اطلاع پر تھانہ روات پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ پولیس نے گزشتہ روز سفاک قاتل کو گرفتار کرلیا ہے۔