لاہور۔6جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں جن کے تسلسل میں 24گھنٹوں کے دوران 361کومبنگ آپریشنز، 13ہزار 558مشتبہ افراد کی چیکنگ اور 61مشکوک افراد حراست میں لئے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 39سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کیے گئے، 4456افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 3مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سنگین جرائم میں ملوث 149اشتہاری، 68عدالتی مفرور اور 26عادی مجرمان بھی گرفتار کیے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کے قبضہ سے بڑی تعداد میں ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ایک مجرم کیفر کردار کو پہنچا، 3زخمی اور 2گرفتار کئے گئے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کا محاسبہ کرنے کیلئے سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔