منڈی بہاوالدین۔ 07 جون (اے پی پی):عیدالاضحی کے موقع پر ضلع منڈی بہاوالدین، پھالیہ اور ملکوال میں حکومتی ہدایات پر شروع ہونے والی صفائی مہم نے عوام کو نہ صرف تعفن اور بیماریوں سے نجات دلائی بلکہ ایک صاف، خوشبودار اور صحت بخش ماحول فراہم کر کے خدمتِ خلق کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔حکومتِ پنجاب کے "ستھرا پنجاب” ویژن کے تحت، جس کے تحت ڈائیو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نےضلع بھر میں عیدالاضحی کے پہلے دن ہی ڈائیو ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی سینکڑوں ٹن آلائشیں بروقت اکٹھی کر کے محفوظ طریقے سے تلف کی گئیں،
اس آپریشن میں 15 ہزار سے زائد تربیت یافتہ ورکرز اور جدید مشینری سے لیس گاڑیاں شامل رہیں ، کمپریسڈ گاڑیاں، ڈمپرز، فرنٹ لوڈرز، شاول مشینیں، موبائل واشنگ یونٹس اور دیگر جدید آلات ہر مقام پر فعال نظر آئے، تمام مرکزی سڑکوں، گلی محلوں، لنک روڈز اور قربانی پوائنٹس پر جراثیم کش و خوشبودار سپرے کا بھی بھرپور استعمال کیا گیا ۔
ڈائیو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع بھر میں خصوصی کنٹرول رومز اور شکایتی مراکز قائم کیے، جہاں ہر شہری کی کال کو سنجیدگی سے سنا گیا اور فوری کارروائی کی گئی۔،ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم ایز کے ساتھ مثالی رابطہ کاری نے اس آپریشن کو مربوط، شفاف اور مؤثر بنایا۔