وائلڈ لائف کی کارروائی، ببرشیر کیساتھ ٹک ٹاک پروائرل ویڈیوکی فوری کھوج ، نجی فارم ہاؤس سے شیر برآمد

26
وائلڈ لائف کی کارروائی، ببرشیر کیساتھ ٹک ٹاک پروائرل ویڈیوکی فوری کھوج ، نجی فارم ہاؤس سے شیر برآمد

لاہور۔9جون (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات ،جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر پنجاب میں چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی زیرنگرانی جنگلی حیات کے تحفظ و فروغ کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔

اسی تناظر میں گزشتہ روز گوجرانوالہ میں ایک افریقن ببر شیر کیساتھ ٹک ٹاک بنانیکی خطرناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر سینئر حکام کی جانب سے ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر گو جرانوالہ ریجن شیخ زاہد اقبال کو واقعہ کی فوری تحقیقات کرنیکی ذمہ داری تفویض کی گئی جنہوں نے معاملہ کی فوری کھوج لگا کر وائلڈ لائف رینجرز گوجرانوالہ ریجن اور مقامی پولیس کے ساتھ ایک مشترکہ چھاپہ مار ٹیم تشکیل دیکر گوجرانوالہ کے علاقہ بوتالہ شرم سنگھ کے ایک نجی فارم ہاوس سے ایک عدد نر افریقن ببر شیر برآمد کر لیا تاہم چھاپہ کے وقت لوگوں کے رش کی بدولت ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے اور اس کیخلاف مقامی تھانہ صدر میں ایف آ ئی آ ر درج کروا کر تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ تحویل میں لئے گئے شیر کو عارضی طور پر ایک پرائیویٹ بریڈنگ فارم منتقل کر دیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ محکمہ نے بگ کیٹس کے گھروں پر رکھنے، انکے ساتھ ٹک ٹاک یا سلفی بنانے،انکے پنجرے میں داخل ہونے اور انکی پبلک میں نمائش پر پابندی لگا رکھی ہے۔

بگ کیٹس ببر شیر ،ٹائیگر، چیتا،پوما اور جیگوارکواب وائلڈ لائف ایکٹ مجریہ 1974ترمیم شدہ 2025کے جدول دوئم میں رکھا گیا ہے جس کیلئے اب قبضہ لائسنس لازم ہے۔