ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی/ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس

19

بھکر۔۔۔۔ 10 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی/ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ ،ڈی ایس پی عدنان احمد،ڈی ایس پی پی ایچ پی غلام جعفر چھینہ،سیکرٹری آر ٹی اے ملک شیر بہادر،مختلف محکمہ جات،ریسکیو 1122,سول ڈیفنس،ہائی ویز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نےضلع کے روڈ سیفٹی اینڈ پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اہم ہدایات جاری کیں

انہوں نے کہا کہ ضلع میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے مربوط وموثر حکمت عملی اپنائی جائے قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں مسافر گاڑیوں کی چھتوں پر سواریوں کو ہرگز بیٹھنے نہ دیا جائے علاؤہ ازیں اوورلوڈنگ کرنیوالے والی تمام گاڑیوں اور رکشہ جات کے خلاف سخت اور موثر کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔اس سلسلہ میں پی ایچ پی،سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس جوائنٹ ایکشن پلان کے تحت اوورلوڈنگ ،کم عمر رکشہ ڈرائیور اور ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف سخت گیر ایکشن لیں اور انکے خلاف فی الفور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس موقع پر ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے کہا کہ ٹریفک قوانین کے نفاذ کیلئے تعلیمی اداروں میں آگاہی سیشن منعقد کئےجائیں سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس فعال انداز میں اپنی سونپی گئی زمہ داریاں ادا کریں تاکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کا عمل یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ اجلاس میں دی گئی ہدایات پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹر بائیک ہرگز نہ چلانے دیں اور بچوں میں ٹریفک قوانین کی اہمیت و افادیت بارے آگاپی عام کی جائے ایک زمہ دار شہری ہونے کا ثبوت فراہم کریں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ جنرل بس سٹینڈز پر مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا عمل یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور ایل پی جی کا استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور آپریشن کو نتیجہ خیز بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے ملک شیر بہادر اور پولیس افسران کو ہدایات جاری کیں کہ گاڑیوں میں گیس ری فلنگ کرنے والے پوائنٹس کے خلاف بھرپور انداز میں کریک ڈاؤن شروع کریں اس ضمن میں کسی کیساتھ ہرگز رو رعایت نہ برتی جائے