ایبٹ آباد۔ 12 جون (اے پی پی):گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، پاکستان پیپلز پارٹی ہرفورم پرعوام کا مقدمہ لڑے گی ، پیپلز پارٹی نے وفاقی بجٹ میں ملازمین کی تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے بڑھانے کی تجویز دی تھی ، سولر پینل پر ٹیکس کو واپس کروائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پیپلز سیکرٹریٹ ایبٹ آباد میں 26 مئی صوبہ بچاؤ مہم کے تحت پشاور احتجاج میں زخمی ہونے والے جیالوں کو توصیفی اسناد تقسیم کی تقریب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں صوبائی جنرل سیکرٹری شجاع سالم خان، سابق صوبائی وزیر شمروز خان جدون ،پیپلزپارٹی کےڈویژنل صدر ملک فاروق خان ،ضلع ایبٹ آباد کےصدر سابق امیدوار قومی وصوبائی اسمبلی سید سلیم شاہ ،ڈویژنل سیکرٹری ذوالفقار قریشی ،ضلعی جنرل سیکرٹری افتخار خان ایڈووکیٹ ،خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری رومش سلیم نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ابرار سعید سواتی، خواتین ونگ کی صدر نور العین خالق،وکلاء ونگ ،ضلعی وتحصیل کے عہدیداران پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مقدمہ دنیا کی عدالت میں لڑ رہے ہیں،جس کو دنیا نے تسلیم کیا،آج 25 کروڑ پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے بڑھانے کی تجویز پیش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہرفورم پرعوام کا مقدمہ لڑے گی ، ہم حکومت کے اتحادی ہیں ،تنقید برائے اصلاح جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، ایک سال میں جتنے لوگ آئے اس کی ماضی میں تاریخ نہیں ملتی۔قبل ازیں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سید سلیم شاہ کا کہناتھاکہ 26 مئی کو پیپلز پارٹی کے پرامن احتجاج پر شیلنگ کی گئی،اب وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اسلام آباد چڑھائی کرنے کی کوشش کی تو ہم دوبارہ پشاور جائیں گے ۔
تقریب میں ضلعی جنرل سیکرٹری افتخار خان تنولی ایڈووکیٹ نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کامیاب سفارتکاری پر وطن واپسی گارڈ آف آنر پیش کرنے کی قرارداد پیش کی جس کو بھاری اکثریت سے منظورکیا گیا۔تقریب میں سید توصیف الحسن ایڈووکیٹ،ذوالفقار شاہ کاظمی ایڈووکیٹ،ماجد ایڈووکیٹ ،فرح پرویز ایڈووکیٹ ،سحرش پرویز ایڈووکیٹ اور کونسلر نذیر عباسی سمیت دیگر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔گورنر خیبر پختونخوا نے26 مئی کو پشاور میں ایبٹ آباد کے زخمی ہونے والے جیالوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے توصیفی اسناد تقسیم کیں۔