سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام علاقائی پارٹنرز کانفرنس کا انعقاد، معیاری تعلیم اور جدید تعلیمی حکمتِ عملی پر زور دیا گیا

55

حیدرآباد۔ 12 جون (اے پی پی):سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن (SEF) کے زیر اہتمام ایچ ایم خواجہ آڈیٹوریم میں اعلیٰ سطحی علاقائی پارٹنرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر گھنور علی لغاری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ریجنل ہیڈ شہید بینظیر آباد امام بخش آریسر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور خطے میں SEF کی کارکردگی، کامیاب پروگرامز اور آپریشنل ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گھنور علی لغاری نے مساوی اور جامع تعلیم کے فروغ میں فاؤنڈیشن کے پارٹنرز کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام پارٹنر سکولوں میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے ،بچوں پر توجہ مرکوز کرنے اور جامع تعلیمی ماحول کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گھنور لغاری نے اعلان کیا کہ SEF نے تعلیمی رسائی میں اضافے کے لیے سکول کے قیام کے معیارات میں نرمی کی ہے

تاکہ خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے سکول سے باہر بچوں تک پہنچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 180 سے زائد سکولوں کو اپ گریڈ کیا جا چکا ہے جبکہ 31 سے زائد سیکنڈ شفٹ سکولوں کے قیام کی منظوری دی جا چکی ہے تاکہ موجودہ تعلیمی ڈھانچے کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے سکول سطح پر شفافیت، جوابدہی اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے نصابی کتب کی بروقت فراہمی کو بھی ادارے کی اولین ترجیح قرار دیا تاکہ تعلیمی عمل بلاتعطل جاری رہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے زور دیا کہ تمام شراکت دار ادارے اپنے معاہدوں کی شرائط کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ SEF کی پروگرام ٹیمیں باقاعدہ سکولوں کے دورے کریں گی تاکہ کارکردگی اور ذمہ داری کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پروگرامز اینڈ پلاننگ، نثار احمد بانبھن نے سیکھنے کے ماحول کے جذباتی و نفسیاتی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچے اسی وقت سیکھنے کی جستجو کرتے ہیں جب انہیں ایک محفوظ، پُرکشش اور جذباتی طور پر مربوط تعلیمی ماحول میسر ہو، جہاں وہ اعتماد اور سکون کے ساتھ سیکھنے کے سفر پر گامزن ہوں۔ کانفرنس کا اختتام ایک انٹرایکٹو ڈائیلاگ سیشن پر ہوا جس میں SEF کے مستقبل کے وژن، پائیدار تعلیمی ترقی اور اعلیٰ کارکردگی پر مبنی نظام کی تعمیر کے عزم کی توثیق کی گئی، جسے ادارہ اپنے شراکت داروں کے تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتا ہے۔