پشاور۔ 13 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی بجٹ میں پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پولیس حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے بجٹ میں پولیس کی تنخواہوں کو پنجاب پولیس کے برابرلانے کی تجویز شامل ہے جس کے تحت گریڈ ایک سے 16تک کے پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کی جائیں گی۔حکام نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ بجٹ میں گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے سپیشل الاونس میں اضافے کی تجویز بھی ہے جبکہ قبائلی اضلاع میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بجٹ میں 16ارب روپے رکھنے کی تجویزبھی شامل کی گئی ہے ۔
دوسری جانب آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہے،تنخواہوں میں اضافے سے پولیس کا مورال مزید بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی سے قبائلی اضلاع میں پولیس کومضبوط کرکے جدید اسلحہ خریدا جائے گا ۔