راولپنڈی۔ 13 جون (اے پی پی):محکمہ سوشل ویلفیئر اور بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام رائل کاسل مارکی راولپنڈی میں معذور افراد کے لئےمعاون آلات اور وہیل چیئرز تقسیم کی فیز ٹو کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، قمر السلام، ملک ابرار، رفعت عباسی و دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات کے علاوہ معذور افراد اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر راولپنڈی کے 169 معذور افراد میں وہیل چیئرز و دیگر معاون آلات تقسیم کئے گئے۔ 154 بالغوں کے لئے وہیل چیئرز، 8 بچوں کے لئے وہیل چیئرز، 2 رولیٹرز، 2 آرم کرچز اور 3 وائٹ کین شامل تھیں۔ممبر قومی اسمبلی قمر السلام نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہماری قیادت سوسائٹی کے ہر فرد کے لئے سوچتی ہے اور ان کی زندگی میں آسانی لانے کے لئے کوشاں ہے۔
طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد جسمانی معذوری کا شکار افراد کی نقل و حرکت میں بہتری لانا اور ان کے لئے زندگی کو آسان بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ معذور افراد دیگر صلاحیتوں سے مالا مال ہوتے ہیں اور زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔ ہماری اولین ترجیح معذور افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانا اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانا ہے۔