لاہور۔13جون (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے پولیس فورس کی کپیسٹی بلڈنگ جاری ہے، اس سلسلے میں رائٹ مینجمنٹ پولیس کے 3 ہزار اہلکاروں پر مشتمل پہلے بیج کی تربیت پولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد میں تیزی سے مکمل کی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس اسد سرفراز خان نے پولیس ٹریننگ سکول فاروق آبادکا دورہ کیا اور فورس کی ٹریننگ و دیگر امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد تنویر احمد نے ڈی آئی جی آر ایم پی کو ٹریننگ بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رائٹ مینجمنٹ پولیس میں مجموعی طور پر 5 ہزار اہلکار شامل ہونگے جس میں سے 03 ہزار کو پہلے بیج میں تربیت دی جا رہی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈی آئی جی آر ایم پی اسد سرفراز نے شدید گرمی میں سخت ٹریننگ کرنے والے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں درپیش مسائل بارے دریافت کیا۔
ڈی آئی جی آر ایم پی نے کہا کہ دور حاضر کے لا اینڈ آرڈر چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے فورس کی جدید خطوط پر تربیت یقینی بنا رہے ہیں۔ آٹھ ہفتوں پر مشتمل کورس میں فورس کی فٹنس اور کارکردگی کا اعلی معیار برقرار رکھنے کے لئے سپیشل ڈرلز ڈیزائن کی گئی ہیں۔رائٹ مینجمنٹ پولیس کے لئے خصوصی آلات اور ساز و سامان کی خریداری بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ڈی آئی جی آر ایم پی اسد سرفراز نے فورس کی اعلی معیار پر تربیت کے لئے ٹریننگ سٹاف کی کاوشوں کو سراہا جبکہ ٹریننگ حاصل کرنے والے جوانوں نے امن و امان کے قیام کے لیے بھر صلاحیتوں کے عزم کا اظہار کیا۔افسران و اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں میں موب انگیجمنٹ، موب کنٹرول، واٹر کینن، آنسو گیس، ربر بلٹ، سٹن گرینیڈ، لانگ رینج صوتی ڈیوائس، انخلا، گرفتاری، فرسٹ ایڈ، ایڈوانس پارٹی، ڈرون آپریشن اور سنائپرز اور کے نائن (ڈاگز) ہنڈلرز ٹیمیں شامل ہیں۔