پنجاب اسمبلی کے (پیر) کل کے اجلاس کیلئے ایجنڈا جاری کر دیا گیا

4

لاہور۔15جون (اے پی پی):پنجاب اسمبلی کے کل کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس 16 جون بروز پیر صبح 10 بجے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں ہوگا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس دو سیشنز پر مشتمل ہوگا۔ پہلے سیشن میں ایوان کی معمول کی کارروائی مکمل کی جائے گی جبکہ مختصر وقفے کے بعد بجٹ اجلاس کا نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس کے ایجنڈے میں بجٹ شامل نہیں کیا گیا۔ایوان میں محکمہ قانون سے متعلق سوالات دریافت کیے جائیں گے اور وزرا ارکان اسمبلی کے توجہ دلاؤ نوٹسز پر زبانی جوابات دیں گے۔ اس کے علاوہ مختلف قراردادوں پر بھی بحث ہوگی۔ اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کی محکمہ صحت و میڈیکل ایجوکیشن سے متعلق تحریک التوا اور رکن آفتاب احمد خان کی ہوم ڈیپارٹمنٹ سے متعلق تحریک ایوان میں پیش کی جائے گی۔

سرکاری کاروبار کے تحت متعدد اہم بلز منظوری کے لیے پیش ہوں گے جن میں پنجاب سنٹر آف ایکسی لینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم بل، پنجاب کنزیومر پروٹیکشن (ترمیمی) بل 2025، بوائلرز و پریشر ویسلز (ترمیمی) بل 2025، پنجاب سپیشلائزڈ میڈیکل انسٹیٹیوشنز بل 2025، پنجاب پبلک اویئرنیس اینڈ انفارمیشن بل 2025، پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی (ترمیمی) بل 2025 اور پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سروسز بل 2025 شامل ہیں۔ اجلاس میں انتہاپسندی کے خلاف نئے قانون اور صارفین کے تحفظ کے قوانین میں ترامیم کی منظوری کا بھی امکان ہے۔