لاہور۔16جون (اے پی پی):صاف ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبے بھر میں ستھرا پنجاب مہم کامیابی سے جاری ہے۔شہر لاہور میں بھی بہترین صفائی نظام برقرار رکھنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے مرحلہ وار زیرو ویسٹ آپریشن کیا جا رہا ہے۔ستھرا پنجاب مہم کے تحت شالیمار ٹاؤن میں 1100 سے زائد ورکرز، 110 آپریشنل گاڑیوں نے خصوصی صفائی آپریشن میں حصہ لیا۔اس حوالے سے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ فضل پورہ ویسٹ انکلیوژر اور چائنہ سکیم عارضی کولیکشن پوائنٹ کو روزانہ کی بنیاد پر زیرو ویسٹ کیا جا رہا ہے جبکہ خصوصی صفائی اقدامات کرتے ہوئے شالیمار ٹاؤن میں موجود06 ہاٹ سپاٹ ایریاز کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔گھر گھر سے ویسٹ اٹھانے کے لیے شالیمار ٹاون میں 190 لوڈر رکشے تعینات ہیں۔
اربن یونین کونسلز کے ساتھ ساتھ دیہی یونین کونسلز میں بھی صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔آپریشن ٹیموں نے نیلم سینماء کمرشل مارکیٹ، کوٹلی پیر عبدالرحمن،جمیل پارک،علی پارک،بھوگیوال روڈ،شالیمار لنک روڈ، جانی پورہ،محمد علی شادی ہال کے اطراف خصوصی صفائی آپریشن مکمل کیا۔شالیمار باغ کے اطراف،مادھو لعل حسین دربار، قبرستان اور اس سے ملحقہ راستوں پر صفائی ستھرائی کی گئی۔چائنہ سکیم،چمڑہ منڈی، مصری شاہ،شاد باغ،سکھ نہر روڈ،گھوڑے شاہ،باغبان پورہ بازار،رام گڑھ بازار،سوہاوری بازار میں خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات ہیں۔مزید برآں وزیرِ اعلی مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت لاہور کے تمام 9 ٹاونز کو مرحلہ وار زیرو ویسٹ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے یا تجاویز کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔