ڈیرہ غازی خان ۔ 21 جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے عید الاضحیٰ پر مثالی صفائی کرنے والے ہر ورکرز 10 ہزار روپے کیش ایوارڈ دینے کا آغاز کر دیا گیا۔ڈیرہ غازی خان کے مقامی میرج ہال میں صفائی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد،ایم پی اے محمد حنیف پتافی،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شاہد ندیم رانا،ڈائیو کمپنی کے دانیال فاروقی اور دیگر نے ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ پے آرڈرز تقسیم کیے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز نے عید ایام کے دوران ہر گلی اور کوچے میں پہنچ کر مثالی صفائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قربانی کے ایام ہیں، ان ایام میں بھی مثالی صفائی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سال کے تمام 365 دن ایک ایونٹ کا درجہ رکھتے ہیں ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کرنے والے ورکرز ہمارے سرکے تاج ہیں۔رکن پنجاب اسمبلی محمد حنیف پتافی نے ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کردہ امانت آپ تک پہنچانے کی ذمہ داری ہمیں دی ہے۔ انہوں نے خوشخبری بھی دی کہ یکم جولائی سے اب ہر ورکر کو 40 ہزار روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس عید الاضحیٰ پر ڈیرہ غازی خان کی تاریخ میں مثالی صفائی کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پہلی مرتبہ دیہاتوں میں نہ صرف بیگز تقسیم ہوئے بلکہ بروقت آلائشیں بھی اٹھائی گئیں۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شاہد ندیم رانا نے کہا کہ مجموعی طور پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 10694 ورکرز میں 10 کروڑ 69 لاکھ 40 ہزار روپے کے کیش ایوارڈ دئیے جائیں گے۔
عید ایام کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 21281 ٹن آلائشیں اور کوڑا اٹھایا گیا۔شہر اور دیہاتوں میں تین لاکھ 75 ہزار 473 بیگز تقسیم کیے گئے۔ مختلف مقامات پر 340 کیمپس لگائے گئے۔صفائی آپریشن کے بعد 8215 لٹر عرق گلاب، 16400 لٹر فنائل اور ایک لاکھ 12 ہزار 39 کلو گرام چونا استعمال کیا گیا۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے ڈویژنل منیجر ڈائیوو کمپنی دانیال فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فرنٹ لائن ورکرز کو سیلوٹ پیش کرتے ہیں۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان، نذر حسین کورائی، چیئرمین ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار بھٹی، منیجر آپریشن حسنین گشکوری، ڈسٹرکٹ منیجر توفیق عادل،تحصیل منیجر ڈی جی خان محمد عمر مجتبی لغاری، چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل سمیت دیگر افسران، مسلم لیگی ورکرز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ہزاروں ملازمین شریک تھے۔محبوب حسین نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیئے۔