ڈی آئی جی اسلام آباد کا محرم کے جلوسوں کے روٹس کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

5

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (آپریشنز) اسلام آباد محمد جواد طارق نے اتوار کو مرکزی جلوسوں کے روٹس کا دورہ کرکے تیاریوں کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔ اسلام آباد پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ دورے کے دوران ڈی آئی جی کے ہمراہ زونل ایس پیز، ایس ایچ اوز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی تھے۔

ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد پولیس اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے اور ماہ مقدس میں قیام امن کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے تمام جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ محرم کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سید علی ناصر رضوی کے ویژن کے تحت پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔