نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار 24 جون کو ابوظہبی میں پاکستان-یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

9
Deputy Prime Minister
Deputy Prime Minister

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 24 جون کو ابوظہبی میں پاکستان-یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کے 12 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق مشترکہ وزارتی کمیشن پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعاون کے لیے اعلیٰ ترین ادارہ جاتی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ اجلاس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان سٹریٹجک، اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔

نائب وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی وفد میں اقتصادی امور، تجارت، توانائی، میری ٹائم افیئرز اور داخلہ سمیت اہم وزارتوں کے سیکرٹریز اور سینئر حکام شامل ہوں گے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان وفد کی قیادت کریں گے جبکہ متعلقہ اماراتی اداروں کی اعلیٰ سطح کی نمائندگی بھی ہوگی۔

اجلاس میں دوطرفہ تعاون کے متعدد شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور آئی ٹی میں تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کی جائیں گی۔ شعبہ جاتی تعاون کو ادارہ جاتی بنانے کے لیے اجلاس کے دوران متعدد قانونی دستاویزات کو حتمی شکل دینے کی توقع ہے۔ اجلاس دونوں فریقوں کو اپنی اقتصادی ترجیحات کو ہم آہنگ کرنے اور باہمی فائدہ مند شراکت داری کے دائرہ کار کو بڑھانے کے امکانات کو کھولنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔