راولپنڈی۔ 23 جون (اے پی پی):مشیر وزیرِاعلٰی پنجاب برائے صحت جنرل (ر)اظہر محمود کیانی نے سید محمد حُسین ٹی بی و جنرل ہسپتال ساملی، مری کا دورہ کیا اور صحت سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی، ٹی بی وارڈ، لیباٹری اور زیرِ تعمیر دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کیلئے کیتھ لیب کا بھی معائنہ کیا۔ مشیر صحت پنجاب نے آپریشن تھیٹر اور ڈلیوری روم کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مشیر صحت برائے وزیر اعلٰی پنجاب نے طبی عملے کے ساتھ خصوصی نشست کی۔ ہسپتال انتظامیہ نے مشیر صحت کو ہسپتال کے مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
مشیر صحت نے طبی عملے کو تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیرِاعلٰی پنجاب برائے صحت جنرل (ر)اظہر محمود کیانی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ مقامی سطح پر طبی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے بجٹ میں ماضی کے برعکس خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی عملہ اپنی حاضری یقینی بنانے کے ساتھ عملی طور پر علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرے۔ معیاری صحت سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔