کمشنر ملتان کی تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ملاقات ،شجرکاری مہم میں طلبہ کی بھرپور شمولیت پر زور

6
Commissioner Multan Division Aamir Karim Khan
Commissioner Multan Division Aamir Karim Khan

ملتان ۔ 23 جون (اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے پبلک اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ملاقات میں ماحول دوست اقدامات بالخصوص شجرکاری مہم میں طلبہ کی بھرپور شمولیت پر زور دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ شدید گرمی، بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں درخت لگانا اور ان کی حفاظت وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر طالبعلم کو ایک درخت لگانے کے ساتھ ساتھ اس کی مکمل نگہداشت کی ذمہ داری بھی دی جائے ۔

کمشنر نے اس امر پر زور دیا کہ صرف درخت لگانا کافی نہیں بلکہ اس کی مسلسل دیکھ بھال اور پرورش بھی قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ادا کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے شجرکاری مہم میں فعال کردار ادا کریں تاکہ طلبہ میں نہ صرف ماحول دوستی کا شعور بیدار ہو بلکہ وہ معاشرتی فلاح و بہبود کے عمل کا بھی حصہ بنیں۔ کمشنر عامر کریم خاں نے تعلیمی اداروں کے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ کردار سازی میں مؤثر کردار ادا کریں اور طلبہ کو عملی طور پر ایسے اقدامات میں شامل کریں جو نہ صرف ماحول بلکہ معاشرے کے لیے بھی فائدہ مند ہوں۔