پاک فوج نے درابن کے پسماندہ علاقہ گنڈی عاشق میں صاف پانی مہیا کرنے کا وعدہ پورا کردیا،پورا علاقہ پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا

7

ڈیرہ اسماعیل خان۔ 24 جون (اے پی پی):پاک فوج نے ڈی آئی خان میں تحصیل درابن کے پسماندہ علاقہ گنڈی عاشق کے غیور عوام کوصاف پانی مہیا کرنے کا وعدہ پورا کردیا۔ڈی آئی خان میں تحصیل درابن کے پسماندہ علاقہ گنڈی عاشق کے غیور عوام کی پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ھونے پر پورا علاقہ پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ علاقے میں پانی کی شدید قلّت کو مدنظر رکھتے ہوئے کور کمانڈر پشاور نے ایک کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم اس سکیم کے لیے رکھی تھی جسے دو مہینے کے قلیل عرصے میں مکمل کیا گیا ۔ یہ سکیم پورے علاقے میں اپنی مثال آپ ہے کیونکہ علاقے میں بجلی کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کو کار آمد رکھنے کےلئے 20 KV کا سولر سسٹم بھی ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔

آج گنڈی عاشق میں اس واٹر سپلائی سکیم کی افتتاح کے موقع پر جی او سی البرق ڈویژن میجر جنرل نیک نام بیگ خصوصی طور پر تشریف لائے اور اپنے دست مبارک سے اس کا افتتاح کیا۔ ان کی آمد پر علاقے کے مشران نے اپنے مخصوص انداز میں استقبال کیا اور روایتی پگڑی پہنائی۔ میجر جنرل نیک نام بیگ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحصیل درابن کے عوام کو پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ھونے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور انھیں یقین دلایا کہ ان کے باقی ماندہ مسائل بھی حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے میں امن کی مکمل بحالی عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ھے کیونکہ فوج ہر قسم کی جنگ کو عوام کی مدد سے جیتتے رہے ہیں۔ مشران نے اس موقع پر پاک فوج کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور آپریشن بنیان المرصوص میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔

انھوں نے علاقے میں امن کی بحالی میں پاک فوج کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان اور شرپسندوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور وہ پُرامید تھےکہ بہت جلد علاقے سے شرپسندوں کا خاتمہ ھو گا اور ایک بار پھر ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی۔درابن کے مشران کے جذبات اور پاک فوج پر اعتماد اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان کے عوام اپنی ریاست اور اس کی سالمیت کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی سطح پر شرپسندوں کے لیے کوئی ہمدردی موجود نہیں ھے اور لوگ امن کے علاؤہ بھی بنیادی مسائل کے حل کے لیئے پاک فوج سے امید رکھتی ہے۔