صوبائی وزیرتعلیم کی مذاکرات کے دوران گرینڈ الائنس کے ملازمین کو گرفتار کرنے کی خبروں کی تردید

8

کوئٹہ۔ 24 جون (اے پی پی):صوبائی وزیرتعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ ملازمین کے احتجاج پر گرینڈ الائنس کو گزشتہ روز ملاقات کے لیے بلایا تھا، دورانِ مذاکرات ملازمین کو گرفتار کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان نے وفاق کی طرز پر ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا ہے اور صوبہ اس سے زیادہ اضافے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ حکومت نے گرینڈ الائنس کے چند مطالبات منظور کیے ہیں جبکہ باقی مطالبات کو وقت کے ساتھ حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ حکومت نے ملازمین سے آج احتجاج نہ کرنے کی درخواست کی تھی لیکن وہ نہیں مانے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبائی ملازمین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت کسی پر لاٹھی چارج نہیں کرنا چاہتی، لیکن صوبے میں دفعہ 144 نافذ ہے اور کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی