سپریم کورٹ کا ضمانت مسترد ہونے کے بعد ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

5

لاہور۔25جون (اے پی پی):سپریم کورٹ نے ضمانت مسترد ہونے کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بغیر ضمانت ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیس کی سماعت کی۔عدالت نے ہدایت کی کہ ہائیکورٹ سے ضمانت مسترد ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے آئی جی پنجاب ٹائم لائن تشکیل دیں اور تمام متعلقہ تھانوں کو یاد دہانی کے لئے ہر چھ ماہ بعد سرکلر جاری کریں۔

عدالت نے تفتیشی افسران سے ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹیں بھی طلب کر لیں۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے باوجود پولیس نے آج تک ملزم کو گرفتار کیوں نہیں کیا۔ سپریم کورٹ نے تو آج تک اسے ضمانت نہیں دی۔عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان عدالت میں پیش ہوئے اور ملزمان کی گرفتاری کےلئےمکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پولیس کی ناقص تفتیش اور غیر تسلی بخش جواب پر عدالت نے آئی جی پنجاب کو طلب کیا تھا۔