کمشنر قلات ڈویژن کی زیر صدارت محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی انتظامات اور امن کے قیام کے حوالہ سے اجلاس

4

کوئٹہ۔ 25 جون (اے پی پی):کمشنر قلات ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی سربراہی میں محرم الحرام کے سلسلے میں فول پروف سیکورٹی انتظامات اور قیام امن کیلئے خضدار میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ بدھ کو منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر اعجاز احمد جعفر، ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی ڈی آئی جی قلات رینج عبدالحمید کوسہ، صدر انجمن تاجران خضدار حافظ حمید اللہ مینگل، ال پارٹی شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین اشرف علی مینگل، جنرل سیکرٹری قدیر احمدزہری ایس ایس پی خضدار، ڈائریکٹر ہیلتھ قلات ڈویژن شبیر احمد مینگل ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر رفیق احمد سا سولی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد صالح جاموٹ،وحدت المسلمین خضدارکے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر رضا حیدر علمائے کرام اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران حساس صورتحال سے نمٹنے اور امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی۔

شرکاء نے فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ کمشنر شاہزیب خان کاکڑ نے زور دیا کہ تمام متعلقہ ادارے مل کر امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں گے۔علمائے کرام، سیاسی و مذہبی رہنماوں نے امن کے قیام کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ مل کر حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کریں گی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیس نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور گشت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی۔حافظ حمید اللہ مینگل اور اشرف علی مینگل نے کہا کہ تاجر برادری اور شہری ایکشن کمیٹی امن کے قیام کے لیئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ چیف آفیسر محمد صالح جاموٹ نے یقین دہانی کرائی کہ میونسپل کارپوریشن صفائی، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔اجلاس میں علمائے کرام نے خصوصی طور پر زور دیا کہ تمام مکاتب فکر اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں اور مشترکہ کاوشیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر پیغام محبت اور بھائی چارے کو عام کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے عہد کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔ کمشنر نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں تیاریاں مکمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔ اجلاس میں شہریوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ پرامن ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔