جنرل ہسپتال لاہور میں مریضوں کیلئے جنرل ہسپتال میں ایمرجنسی ڈیزاسٹر ریسپانس سپروائزری ٹیم تشکیل

5

لاہور۔25جون (اے پی پی):لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ نے موسم برسات کے پیش نظر مریضوں کو بلا تعطل علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی جاری رکھنے اور ہسپتال کے نشیبی حصوں میں جمع ہونے والے بارشی پانی کے بر وقت اخراج کے لئے” ایمرجنسی ڈیزاسٹر ریسپارنس سپروائزری ٹیم ” تشکیل دے دی۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل کی منظوری کے بعد ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر فریاد حسین نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ایمرجنسی ڈیزاسٹر رسپارنس سپروائزری ٹیم کے ممبران کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں جس میں سینئر انتظامی ڈاکٹرز، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ، چیف فارماسسٹ،شعبہ ورکس کے ملازمین اور سینٹری انسپکٹرزشامل ہیں۔یہ کمیٹی موسم برسات کے دوران کسی بھی ہنگامی اور نا گہانی صورتحال سے نمٹنے اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ایل جی ایچ کی کارکردگی کو متاثر کئے بغیر تمام شعبوں میں علاج معالجے کی سہولیات ہمہ وقت جاری رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گی۔

انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی واٹرنگ پمپ کو فنکشنل بنانا، سیوریج لائنوں اور چھتوں کی صفائی،ہسپتال کے قیمتی طبی آلات اور ادویات کو محفوظ رکھنا شامل ہے اور ہسپتال کے نشیبی حصوں میں شدید بارش کی صورت میں پانی کھڑے ہونے کے عمل کو روکنے کے لئے متعلقہ اداروں اور ٹیکنیکل سٹاف کے تعاون سے بھی تمام آپریشنل سرگرمیاں کو بر وقت عمل میں لائی جائیں گی۔پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے جنرل ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مون سون میں پیدا ہونے والی بیماریاں ڈینگی، گیسٹرو، اسہال، اور وائرل انفیکشنز کے ممکنہ پھیلا کے پیش نظر تمام ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ رکھا جائے تاکہ صوبے بھر سے آنے والے مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے تمام سپروائزری سٹاف اور انتظامی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ایمرجنسی صورتحال میں اپنی اپنی شفٹوں میں چاق و چوبند رہیں،

اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں جبکہ انتظامی ڈاکٹرز اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دیں تاکہ ضرورت پڑنے پر کسی بھی مشکل صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موسم برسات میں شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے گی اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔